کینیڈا اور پاکستان میں تجارتی و انسانی حقوق کے تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال
اسلام آباد: کینیڈا کے ہائی کمشنر برائے پاکستان، ہیز ایکسی لینسی طارق علی خان نے وفاقی وزیرِ قانون، انصاف اور انسانی حقوق، اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران فریقین نے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے، شمولیتی معاشی ترقی کے فروغ اور انسانی حقوق کے تحفظ سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ کینیڈین ہائی کمشنر نے پاکستان میں جاری اصلاحات کو سراہا، جن کا مقصد انسانی حقوق کے ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور تمام شہریوں کے لیے بہتر قانونی تحفظ یقینی بنانا ہے۔
کینیڈا نے پاکستان میں انسانی حقوق کے فروغ کے لیے اپنی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ وکالت اور ترقیاتی پروگراموں کے ذریعے اس مقصد کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

