پاکستان کی آئی ایم او کونسل انتخابات 2026-27 کے لیے مہم کا آغاز
1 min read

پاکستان کی آئی ایم او کونسل انتخابات 2026-27 کے لیے مہم کا آغاز

لندن:
پاکستان نے لندن میں انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (IMO) کے ہیڈکوارٹر میں مندوبین کے اعزاز میں ایک استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا، جو آئی ایم او کونسل کے آئندہ انتخابات 2026-27 کی مہم کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ تقریب میرین انوائرنمنٹ پروٹیکشن کمیٹی (MEPC) کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر منعقد ہوئی، جس میں آئی ایم او کے سیکرٹری جنرل ارسینیو ڈومنگیز ویلاسکو، 176 سے زائد رکن ممالک کے نمائندے، سفارت کار، اور پاکستان ہائی کمیشن لندن کے حکام شریک ہوئے۔

پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے استقبالیہ خطاب میں مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی اسٹریٹجک سمندری اہمیت اور بین الاقوامی میری ٹائم تعاون کے فروغ میں کردار پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ “پاکستان ایک اسٹریٹجک محلِ وقوع رکھنے والا ساحلی ملک ہے جس کے پاس ایک ہزار کلومیٹر سے زائد ساحلی پٹی ہے، جہاں کراچی، پورٹ قاسم اور تیزی سے ترقی کرتا ہوا گوادر پورٹ علاقائی و بین الاقوامی تجارت کا دروازہ ہیں۔”

ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ پاکستان آئی ایم او کا بانی رکن ہے اور پانچ بار کونسل ممبر رہ چکا ہے۔ انہوں نے آئندہ کونسل انتخابات 2026-27 کی مہم کے دوران پاکستان کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ملک درج ذیل مقاصد کے لیے سرگرم ہے:

  • بین الاقوامی تعاون کا فروغ
  • آئی ایم او کنونشنز اور پروٹوکولز پر عمل درآمد کو مضبوط بنانا
  • سمندری سلامتی، سیکیورٹی اور پائیدار شپنگ کو فروغ دینا
  • ڈی کاربنائزیشن (ماحولیاتی آلودگی میں کمی) کے اہداف حاصل کرنا
  • میرین عملے کی فلاح و تربیت اور ترقی پذیر ممالک کی استعداد کار بڑھانا
  • شفافیت، اتفاقِ رائے اور تعمیری مکالمے کو فروغ دینا

آئی ایم او کے سیکرٹری جنرل ارسینیو ڈومنگیز ویلاسکو نے پاکستان کی فعال شمولیت اور گزشتہ سال اپنے دورۂ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے ملک کے سمندری تحفظ، بلیو اکانومی اور علاقائی تجارت میں بڑھتے کردار کو سراہا۔